روندو کے متاثرین اور عمائدین کے مطالبات جائز ہیں ،لیکن محدود وسائل کی وجہ سے نقصانات کے معاوضوں کی ا دائیگی کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی گئی ہے،گلبرخان

76
Chief Minister Gilgit Baltistan Haji Gulbar Khan

گلگت۔24مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے عمائدین روندو اور زلزلہ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روندو کے متاثرین اور عمائدین کے مطالبات جائز ہیں لیکن محدود وسائل کی وجہ سے نقصانات کے معاوضوں کی ا دائیگی کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی گئی ہے، نقصانات کے ازالے کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ روندو میں تمام سرکاری ملازمین حاضری یقینی بنائیں، غیر حاضر سٹاف کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، ہماری ترجیح انفراسٹرکچر نہیں بلکہ آئندہ اے ڈی پی میں ایچ آر پر توجہ دینا ہے۔

روندو کے عوام کا دیرنیہ مطالبہ وزیر اعظم کے سامنے رکھا ہے ،روند و کواپنی حکومت میں ہی ضلع بنائیں گے، نئے اضلاع کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی کمیٹی بنائی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ روندو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، ہسپتال میں جدید لیبارٹری اور ایکسرے مشین کی خریداری جلد عمل میں لائی جائے گی، روندو میں جدید ٹرما سنٹر کی تعمیر کیلئے کاغذی کارروائی مکمل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کرتے ہوتے کہا کہ روندو میں فوری سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ عمائدین روندو نے وزیر اعلیٰ کا روندو دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کے پی سی 4 نہ ہونے کی وجہ سے منصوبے غیر فعال ہیں۔