ملتان ۔ 19 فروری (اے پی پی):روٹری کلب آف ملتان کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقریب 10مستحق لڑکیاں پیا گھر سدھار گئیں،ہر دلہن کو جہیز کا سامان ،15ہزار سلامی اور باراتیوں کو کھانابھی دیا گیا۔دلہنوں کی تقریب رخصتی میں ملتان،اسلام آباد اور لاہور سے بھی روٹیرین نے شرکت کی۔
اس سلسلہ میں روٹری کلب آف ملتان کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقریب مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر 10مستحق بچیوں کو جہیز کا سامان دیا،جس میں ڈبل بیڈ،صوفہ سیٹ الماری،ڈریسنگ ٹیبل،ڈنر سیٹ پنکھا،رضائی،کمبل،سلائی مشین اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل تھیں جبکہ ہر دلہن کو صدر مبشر درانی اور خواجہ قاسم کی جانب سے 15ہزار سلامی دی گئی اور آنیوالی ہر بارات کا پھولوں اور ہار پہنا کر دلہا کا باقاعدہ استقبال کیا گیا۔
بارات کے ساتھ آنیوالے باراتیوں کو کھانا بھی دیا گیا۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں ملتان سمیت لاہور،اسلام آباد سے بھی روٹری نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر روٹری کلب آف ملتان کے صدر مبشر درانی،خواجہ محمد حسین،ممتاز علی بابر نے کہا کہ روٹری کلب آف ملتان پانچ سال سے سالانہ احتماعی شادیوں کی تقریبات منعقد کررہا ہے تاکہ آج کے مہنگائی کے دور میں جہاں غریب مستحق اور سفید پوش طبقات کا روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہے، وہاں بچیوں کی شادیاں کرنا انکے لیے جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ،اسی لیے روٹری کلب آف ملتان کے ممبران نے یہ بیڑہ اٹھایا اور اب تک 50بچیوں کی شادیاں کراچکے ہیں۔
روٹری انٹرنیشنل کے ایڈوائزر مسرور شیخ،کوآرڈینیٹر ساؤتھ زون سلیم ناصر ،کوآرڈینیٹر سینٹرل زون عشرت شمیم نے کہا کہ روٹری کلب آف ملتان کے ارکان مبارکباد اور خوبصورت کام پر داد کے مستحق ہیں ،کم سے کم اخراجات میں دس بچیوں کی شادیاں کراکر ایک مثال قائم کردی ،ہم دعاگو ہیں اور نوبیاہتا جوڑوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔تقریب میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر محمد علی ہاشمی ،ڈپٹی ڈائریکٹر معظم علی خان،عمران الطاف،خواجہ ندیم مظہر،سمیرا نذیر،میاں عالمگیر جمیل خان،عزیز احمد شیخ،عدنان چغتائی،ملک مسرور حیدر،خواجہ محمد عثمان،سہیل خان ملیزئی،ڈاکٹر ایم اے بلال و دیگر نے شرکت کی جبکہ قاری شفیق نے دعا کرائی۔