اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر پوسٹل سروسز و مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا جھوٹا نعرہ لگانے والی جماعت حکومت کی سادگی مہم کیخلاف میدان میں نکل آئی، شرمناک کرپشن بچانے کیلئے مجرموں کا گروہ پارلیمان، جمہوریت اور جمہوری اقدار کا خون چاہتا ہے۔ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کر استعمال کرنے والوں کیلئے حکومت کی جانب سے وسائل کا ضیاع روکنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ابا جی” اور انکی لوٹ مار بچانے کیلئے ہاتھ پاو¿ں مارنے کے علاوہ پرچی والے چیئرمین کے پاس کرنے کو کوئی کام نہیں۔