روڈ ٹریفک حادثات کے بعد پاکستان میں حادثاتی اموات کی دوسری بڑی وجہ جلنے کے زخم ہیں، ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ

117
روڈ ٹریفک حادثات کے بعد پاکستان میں حادثاتی اموات کی دوسری بڑی وجہ جلنے کے زخم ہیں، ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کے بعد پاکستان میں حادثاتی اموات کی دوسری بڑی وجہ جلنے کے زخم ہیں، ملک کو زیادہ جلنے کے شدید زخموں اور خصوصی برن کیئر سینٹرز کی کمی کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، 20 بستروں پر مشتمل ہربرن سنٹر میں سرجن، نرسز اور پیرامیڈیکس سمیت 200 پیشہ ور افراد کی ضرورت ہوتی ہے ۔

برن کیئر کے بارے میں ہفتہ کو ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ تمام بڑے شہروں میں برن سینٹرز اور ضلعی اسپتالوں میں خصوصی برن یونٹس کے قیام کی ضرورت ہے، جلنے اور جھلسنے کے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ،کم آمدنی والے مریضوں کو علاج کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایک قومی برن انجری فنڈ کا قیام ضروری قدم ہو گا ،تمام شہریوں کے لیے اعلیٰ معیار کی برن کیئر تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے برن کیئر سینٹرز ضروری ہیں ،خاص طور پر بچوں کے جلنے کو کم کرنے کے لیے عوامی بیداری کی مہمات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں جلنے کے علاج کے ماہرین کے لیے تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں، تدریسی ہسپتالوں میں برنز سرجری کی پوسٹ گریجویٹ تربیت کو ملک بھر میں پھیلایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے لیے اعلیٰ معیار کی برن کیئر تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں،پاکستان میں جلنے کے زخموں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے سیفٹی کے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔