نئی دہلی ۔12دسمبر (اے پی پی):بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز روہت شرما فٹنس مسائل کے باعث بنگلادیش کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔بھارتی کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کےمطابق روہت شرما انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے بنگلا دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے جبکہ ان کی جگہ ٹیم کی قیادت کے ایل راہول کریں گے۔
روہت شرما نے ممبئی میں ڈاکٹر کو انگوٹھے کا معائنہ کرایا ہے اور وہ پر امید ہیں کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے لیے فٹ ہوجائیں گے تاہم ان کی دستیابی کے بارے میں حتمی فیصلہ بورڈ کا میڈیکل کرے گا۔ بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے ہاتھ پر گیند لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں ایکس رے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔واضح رہے کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہوگااوردونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 22 سے 26دسمبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔