اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے الوداعی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں امریکی سفیر اور امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان کی حیثیت سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ اپنے طویل ورکنگ ریلیشن شپ بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ رچرڈ اولسن نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں وزیر خزانہ کی جانب سے ملک کی اقتصادی بحالی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج تین سال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رچرڈ اولسن کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو اپنے عوام کی بہبود اور خوشحالی کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنا چاہئے۔