رچنا ہاکی کلب گکھڑ نے پہلی ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ جیت لی

108

گوجرانوالہ 29 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت مند نوجوان صحتمند پنجاب کے تحت پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ ٹورنمنٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔چیمپئن شپ رچنا ہاکی کلب گکھڑ نے جیت لی ۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز کی سربراہی میں محکمہ سپورٹس گوجرانوالہ و وزیرآباد کے زیراہتمام ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ 2024 کا گکھڑ سپورٹس ارینا گکھڑ میں انعقاد کیا گیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں 22 کلب ٹیموں نے حصہ لیا ۔ رچنا ہاکی کلب گکھڑ اور فیصل ہاکی کلب گوجرانوالہ کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلاگیا ، رچنا ہاکی کلب فاتح اور فیصل ہاکی کلب رنر اپ رہی ٹیموں کو 50 ہزار اور 30 ہزار کیش پرائز اور ٹرافیاں بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ، سابق اولمپین و گولڈ میڈلسٹ خالد حمید، رانا طیب مقصود، حفیظ الرحمن، عمر رفیق بٹ، اے ڈی بھٹی، خواجہ ضرار کلیم، جعفر حسین، عاصم بٹ، چوہدری انصر سندھو، صفدر علی گجراورمحکمہ سپورٹس کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں میں نوجوانوں کا بھرپور حصہ لینا خوش آئند بات ہے، کیونکہ صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت کرنے سے نوجوان نسل ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے کھیلوں کے شعبے میں بہت کام ہوا اور ہو رہا ہے یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میں مردوخواتین کھیلوں کے مقابلے توا تر سے منعقد کئے جارہے ہیں اور گوجرانوالہ ضلع کے بچوں کو بھی گیمز کے بھر پورمواقع فراہم کئے جارہے ہیں،سپورٹس ڈائریکٹریٹ کھیلوں کی ترقی کیلئے جواقدام کررہے ہیں مستقبل قریب میں اسکے بہتر نتائج نکلیں گے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، ماضی میں ہاکی کا شاندار مظاہرہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہاکی کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر سابق اولمپیئن گولڈ میڈلسٹ خالد حمید، اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد چوہدری رب نواز اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلےکا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھا جائے تا کہ جو نوجوان اس قومی کھیل میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کے کھیل میں نکھار پیدا ہو اور وہ ناصرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر گوجرانوالہ و پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر یں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ایسی کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے کھیل کے اختتام پر مقابلے میں شریک ٹیموں اور فاتح ٹیموں میں انعامات، شیلڈز اور ٹرافیز تقسیم کیں۔ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔