کوئٹہ۔ 19 فروری (اے پی پی):رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے بارکھان کے قریب مسافر بس سے معصوم لوگوں کوشناخت کے بعد اتار کر شہید کرنے کے دہشتگر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج ، دیگر سکیورٹی ادارے اور حکومت بلوچستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے ۔اپنے بیان میں رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے بارکھان کے قریب رڑکن کے مقام پر دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ ومعصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد بے دردی سے قتل کرنے جیسے واقعات میں ملوث لوگ انسان کہلانے کے لائق نہیں ۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بارکھان کے قریب دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پاک فوج ،سکیورٹی ادارے اور حکومت بلوچستان ان کے انجام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہد ا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بارکھان واقعہ کے شہدا کے غم میں برابر کے شریک ہے۔