رکن صوبائی اسمبلی مشتاق غنی سے ممبر نرسنگ کونسل فضل مولا کی ملاقات، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نرسوں کی کم تعداد پر تبادلہ خیال

104

ایبٹ آباد۔ 13 اگست (اے پی پی):سابق سپیکر و رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی سے ممبر نرسنگ کونسل فضل مولا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے نرسنگ سٹاف نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں بے نظیر بھٹو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد میں نرسوں کی کم تعداد اور دیگر ہسپتال کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رکن صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے وفد کے تمام مسائل کو تفصیل سے سننے کے بعد جلد از جلد صوبائی وزیر صحت سے مل کر انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ہم ڈی ایچ کیو ہسپتال اور اس کے ورکرز کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ہسپتال کے تمام نئے بلاکس کب کے مکمل ہو چکے ہوتے تاہم ہسپتال کی تعمیر میں حکم امتناعی کے باعث فنڈز واپس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ہسپتال ہے، انشاءاﷲ ہسپتال کے باقی ماندہ مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے یہاں کے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔