اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک قرارداد جمع کرائی ہے جس میں پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جائز حق خودارادیت کے لئے جاری جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور بھارت کی 5 اگست 2019 کی یکطرفہ کارروائیوں کی سخت مذمت کی گئی ہے جن کے ذریعے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
جمعہ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق سحر کامران نے قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ قومی اسمبلی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انہیں پاکستان کی جانب سے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کی یقین دہانی کراتی ہے۔
سحر کامران نے زور دیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کے حصول تک ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھاتا رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554571