راولپنڈی۔ 22 مارچ (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب شازیہ رضوان کے ہمراہ سکستھ روڈ پر خواتین پارک میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔
اس موقع پر خواتین،بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہاکہ درخت ہماری زندگی کا لازمی جزو ہیں ان کے بغیر زندگی کا تصور نہیں۔درخت آکسیجن، گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے بہت ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری،نجی ادارے اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے لوگوں میں پودے بھی تقسیم کئے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پورے صوبے میں شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس موقع پر ایم پی اے عاصمہ عباسی،زیب النساء بھی موجود تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575479