اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) آئندہ مالی سال کے دوران کاروبار میں آسانی کے لئے ایف بی آر ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ذریعے ٹیکس ریفنڈ بانڈز جاری کئے جائیں گے۔ منگل کو پیش کردہ وفاقی بجٹ 2019-20ءکے مطابق رکے ہوئے انکم ٹیکس ریفنڈز کے باعث کاروباری افراد کیلئے پیدا ہونے والے کیش کے مسائل کو دور کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ذریعے ٹیکس ریفنڈ بانڈز جاری کرنے کی تجویز ہے۔ ایف بی آر ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو پرامیسری نوٹ جاری کرے گا جس میں ریفنڈ کلیم جمع کروانے والے کی تفصیلات اور اسے واجب الادا ریفنڈ کی رقم کی تفصیلات موجود ہوں گی۔ رواں مالیاتی سال کے دوران اس طرح کے ماڈل پر سیلز ٹیکس ریفنڈ کے حوالے سے عمل کیا گیا ہے، اس طریقے سے کاروباری برادری کے خدشات کو کامیابی سے دور کیا گیا ہے۔