رہائشی کالونیوں میں بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دورکیاجائے گا،چیف ایگزیکٹو فیسکو

114
Fesco

 

فیصل آباد ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ معاشرے میں انصاف کے توازن کو برقرار رکھنے اور غریب طبقے کو انصاف کے حصول میں معاونت کے لئے بار ایسوسی ایشن اور وکلا کاکلیدی کردار ہے جس کی اہمیت سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔وکلاکے بجلی سے متعلقہ تمام مسائل کے ازالے کو یقینی بنایاجائے گا اور ان کی رہائشی کالونیوں میں بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو بھی فوری دورکیاجائے گا۔

یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا کہ لائرز ہاؤسنگ سوسائٹی فیزٹو میں بجلی کی جلد فراہمی کیلئے ڈیمانڈ نوٹس جاری کردیاگیا ہے یوں ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔لائیرز ہاؤسنگ سوسائٹی میں مختلف مسائل اورمحکموں سے این او سی کی فراہمی کیلئے طویل عرصہ لگا جبکہ تمام اداروں کی جانب سے کلیئرنس کے بعد فیسکو کی طرف سے بجلی کی منظوری دے دی گئی اور ڈیمانڈ نوٹس بھی بارایسوسی ایشن کے حوالے کردیاگیا ہے۔

اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں انوارالحق،صدر ہاؤسنگ سوسائٹی ندیم سلیمی،سیکرٹری بار رانا مرتضیٰ حکیم اورسابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے کہا کہ چک نمبر208رب میں لائرز ہاؤسنگ سوسائٹی فیزٹو میں بجلی کی منظوری ایک دیرینہ مسئلہ تھا جسے چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے حل کردیا جس کیلئے وہ ان کے شکرگزارہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیزٹو ایک اہم منصوبہ ہے جو بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ویران پڑاتھا۔فیسکو کے تعاون سے اب فیزٹو کی رونقیں بحال ہوجائیں گی اور وکلابرادری کے رہائشی مسائل کم ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے فیزٹوکا ڈیمانڈ نوٹس اوربجلی منظوری کی فائل صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں انوارالحق اور وکلا ہاؤسنگ سوسائٹی کے ممبران کے حوالے کی۔