ریاست آزادکشمیر کو مثالی خطہ بنارہے ہیں،عوامی مسائل حل کرنے کیلئے پلان آف ایکشن مرتب کرلیاگیاہے،چوہدری انوار الحق

212
Prime Minister of Azad Kashmir

مظفرآباد / بھمبر ۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ریاست آزادکشمیر کو مثالی خطہ بنارہے ہیں،اجتماعی مفاد کے لیے ایسی دیر پا پالیسی مرتب دے رہے ہیں جس سے عوام کو فائدہ ہو اور عام و خاص آدمی کا بھلا ہو،جلد احتساب آرڈیننس لارہے ہیں،بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ،محکمہ برقیات،مال پولیس و دیگر محکمہ جات سے متعلق بھی عوامی مسائل حل کرنے کے لیے پلان آف ایکشن مرتب کرلیاگیاہے،ریاست بھر میں عام شہریوں کی خدمت میرا نصب العین ہے،تعلیم،صحت کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،سرکاری ملازمین کی حاضری،گڈ گورننس،بچت،اداروں میں شفافیت لانے کے لئے سخت فیصلے کئے جن کے ثمرات نظر آرہے ہیں،اتحادی حکومت کی باہمی مشاورت سے ریاست بھر میں اور اورسیز کشمیریوں کی بھی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری ہے،اقتدار آتا جاتاہے ہمیں نیک نیتی کے ساتھ ایسے کام کرجانے چاہیے جو صدقہ جاریہ بھی بن جائیں۔

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے ان خیالات کا اظہار مختلف عوامی وفود،عمائدین،زعما،عوام علاقہ سے مختلف اوقات میں گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ہر شخص کو اپنا احتساب خود کرنا چاہیے،ریاستی وسائل کی حفاظت میری ذمہ داری ہے ایک ایک پائی کا حساب ہو گا،ریاستی خزانے سے صرف عوام کی خدمت ہو گی،اجتماعی مفاد کے بڑے پراجیکٹس سے عام آدمی کواس کی دہلیز پر فائدہ ہو گا ، یتیموں،مسکینوں،بیوائوں،معذورں،برزگوں سمیت پسے ہوئے طبقات کے لیے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے جس سے ماہانہ بنیادوں پر انکی مدد کی جاسکے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیرنے سادگی سے پرائیوٹ گاڑی میں بھمبر کا دورہ کیا ،عوامی مسائل کو براہ راست سنا۔وزیراعظم نے مختلف وفود سے گفتگومیں کہاکہ بھمبر میرا آبائی حلقہ،میرا گھر ہے،میرا مرنا جینا عوام میں ہی ہے،ریاستی سطح پرعوام کی خدمت کے لئے مسلسل 18 گھنٹے،20 گھنٹے کام کررہاہوں جس سے وہ ہر شخص کو فردا ًفرداً نہیں مل پاتے تاہم انکے دروازے کھلے ہیں،سوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ سے وہ تمام معاملات کو بخوبی جانتے ہیں،جہاں کوئی بھی مصدقہ چیز سامنے آئے فوری معاملہ کو حل کرنے میں احکامات دیئے جاتے ہیں،عوام دوست پالیسیوں سے جلد خطہ آزادکشمیر کی حالت بہتر ہو گی۔