29.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 26, 2025
ہومقومی خبریںریاست بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں اور پاکستانی کاروباری افراد کے جان...

ریاست بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں اور پاکستانی کاروباری افراد کے جان و مال اور کاروبار کی محافظ ہے،طلال چوہدری

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 19 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں اور پاکستانی کاروباری افراد کے جان و مال اور کاروبار کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ کاروباری اداروں پر حملے غیر اسلامی اور غیر آئینی ہیں اور ریاست اپنے فرض سے ہرگز غافل نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ فیصل آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں فاسٹ فوڈ چینز پر ہونے والے حملے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ ہزاروں پاکستانی خاندانوں کے روزگار پر بھی کاری ضرب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف پنجاب میں 12 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور تشدد کے واقعات میں 142 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں بھی دو واقعات میں 15 افراد گرفتار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد اب اپنے کیے پر نادم اور شرمندہ ہیں اور معافی کے طلب گار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ملک ہے اور اس کا آئین واضح کرتا ہے کہ غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ”کے ایف سی” سمیت دیگر عالمی فوڈ چینز پر 20 مقامات پر حملے کیے گئے جن میں ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ طلال چوہدری نے بتایا کہ صرف ایک ہفتہ قبل ایسے حملے ہوئے، تاہم وزیر اعظم اور وزارت داخلہ کی واضح ہدایات کے بعد صورتحال قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان عالمی فوڈ چینز سے 25 ہزار پاکستانی خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ یہ کمپنیاں 100 فیصد ٹیکس ادا کرتی ہیں اور اپنا سارا سامان پاکستان سے خریدتی ہیں جس سے مقامی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے۔

- Advertisement -

ان کا منافع بھی پاکستان میں ہی رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان برانڈز کو نقصان پہنچانا دراصل پاکستان کو ہی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں ان حملوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبہ ہو یا سی پیک، ہر سرمایہ کاری کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پاکستان کی ہے۔ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے ان حملوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے اور علما کے فتوے بھی جاری کیے جا چکے ہیں جن میں بیرون ملک کاروبار کو جائز قرار دیا گیا ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے اور آئندہ اس طرح کے کسی واقعے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا فلسطین پر مؤقف عالمی سطح پر سب سے نمایاں ہے اور ہم سب فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں مگر قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا جانا چاہیے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر طلال چوہدری نے تمام صوبائی حکومتوں، سیکیورٹی اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملک کے امن و امان کے قیام اور معاشی تحفظ کے لیے وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584505

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں