ریاست کمزور نہیں ، ملک توڑنے کی باتیں کرنے والوں کو ڈھیل نہیں دی جائے گی ، بیرسٹر عقیل اور بیرسٹر دانیال چوہدری

74
بیرسٹر عقیل

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل اور بیرسٹر دانیال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی ملک توڑنے کی باتوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی ٹولہ ایک بار پھر سانحہ 9مئی جیسے واقعہ کو دہرانے کی کوشش کر رہاہے ، اس طر ح کا پروپیگنڈا اب نہیں چلے گا،ریاست کمزور نہیں ، ملک توڑنے کی باتیں کرنے والوں کو ڈھیل نہیں دی جائے گی ، ایک جماعت کی جانب سے سیاسی مفاد کوملکی مفاد پر ترجیح دی جارہی ہے ، پی ٹی آئی والے اقتدار میں آنے کے لیے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ملک توڑنے کی باتیں قابل مذمت ہیں ،نومئی کی طرح لوگوں کو دوبارہ اشتعال دلانے کی سازش ہورہی ہے ،ایک سیاسی جماعت موجودہ صورتحال کا 1971سے موازنہ کر رہی ہے ،سیاسی ٹولہ ایک مرتبہ پھر 9مئی جیسے سانحہ کی کوشش میں ہے ،قوم کو بتایاجائے کہ سوشل میڈیا پر سقوط ڈھاکہ کی مہم کس نے چلائی ؟ 1971میں ملک دولخت ہوا، عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،سوشل میڈیا پر ملک توڑنے کی سازش کا آغاز ہوچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی مفادات کے خلاف سازش کرنے والوں کو کارروائی کا سامنا کر نا پڑے گا

،عدت کیس میں خاور مانیکا کو احاطہ عدالت میں نشانہ بنایا گیا ۔اس موقع پر بیرسٹر دانیا ل چوہدری نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ایک مخصوص مہم چلائی جارہی ہے ،نواز شریف تمام تر مخالفت کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے گئے ،سیاسی جماعتوں کے ساتھ اختلاف ہونا جمہوریت کا لازمی جزو ہے ، بانی پی ٹی آئی پاکستان کی سالمیت کے خلاف بات کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی نے ملکی معیشیت کو دائو پر لگا دیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلح افواج اور شہدا کے خلاف منفی مہم کی جرات آج تک دشمن کو بھی نہ ہوسکی ،پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر افواج پاکستان اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں

،افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی محافظ ہیں ،کسی کو بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔بیرسٹر دانیا ل چوہدری نے کہاکہ یہ کیسی سوچ ہے کہ میں ہوں تو ٹھیک ،نہیں تو ملک کو آگ لگادو،احتساب کا نعرہ لگانے والوں نے خیبر پختونخوا میں احتساب کے دفتر کو تالے لگا دیئے ،آئی ایم ایف بلڈنگ کے باہر پاکستان مخالف نعرے لگوائے گئے ،پی ٹی آئی والوں نے نوجوانوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے ،پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کر ے ،مہنگائی میں کمی سمیت دیگر عوامی فلاح کے مثبت اقدامات پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہورہے ۔صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر عقیل نے کہاکہ ریاست بالکل کمزور نہیں ہے اور ریاست کو اپنی رٹ قائم کر نا آتا ہے ،وہ عناصر جو ملک کے خلاف ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت تحریک چلائے ہوئے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی ،ملک توڑنے کی باتیں کرنے والوں کو ڈھیل نہیں دی جائے گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر محسن پاکستان ہیں ، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ،ان کی کوششوں سے ہی آج پاکستان ایٹمی طاقت ہے ۔