ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے، حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پریس کلبوں کے عہدیداران کے ساتھ ورچوئل اجلاس سے خطاب

56

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری، صحافیوں کی سلامتی، ان کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کے لئے بہت بڑی پیشرفت ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں کراچی، لاہور اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران سے ورچوئل اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم، سیکرٹری انور رضا، لاہور اور کراچی پریس کلبوں کے صدور ارشد انصاری اور فاضل جمیلی، پرنسپل انفارمیشن آفیسر، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سہیل علی خان، کراچی، لاہور پی آئی ڈی ریجنل آفسز کے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحافیوں کو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے میں شریک کرنے کے لئے طریقہ کار، جرنلسٹس پروٹیکشن بل اور پریس کلبوں کے مسائل زیر بحث آئے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری، صحافیوں کی سلامتی، ان کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کے لئے بہت بڑی پیشرفت ہے، اس بل کے تحت صحافیوں سے خبر کے ذرائع نہیں پوچھے جا سکتے، صحافیوں کی سیفٹی ان کے متعلقہ اداروں پر لازمی قرار دے دی گئی ہے جبکہ میڈیا ہائو کو کنفلکٹ زونز میں کوریج کے لئے بھیجے جانے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو حفاظتی سازوسامان مہیاءکرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میڈیا کے واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں، 15 دنوں میں 34 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی ہیں، 15 کروڑ روپے کے مزید چیک عید کے فوری بعد جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب پریس کلبوں اور صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے ہاﺅسنگ کی سہولیات لانا چاہتے ہیں، پریس کلبز اس ضمن میں طریقہ کار اور معیار مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ انہیں آسان قرضوں کی سہولیات مل سکیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کی بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید کے فوری بعد پریس کلبوں کے دوروں کا آغاز کریں گے۔ اجلاس میں لاہور، کراچی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس اہم قانون سازی کے عمل کی تکمیل میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پریس کلبوں کے عہدیداران نے ورچوئل اجلاس میں مدعو کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے اس قسم کے اجلاس کارگر اور موثر ثابت ہوتے ہیں۔ پریس کلبز کے عہدیداران نے کورونا وباءسے متاثرہ اور جاں بحق ہونے والوں کی امداد اور دیگر مسائل کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کورونا وائرس کی وباءسے متاثرہ اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثاکی امداد کو فوری یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات کیں۔