ریاست ہوائی کے جنگل میں لگنے والی آگ سے 4 تا 6 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، موڈیز آر ایم ایس

78
موڈیز آر ایم ایس

واشنگٹن۔24اگست (اے پی پی):امریکی ریاست ہوائی کے جنگل میں گزشتہ دنوں لگنے والی آگ سے ہونے والے معاشی نقصان کا اندازہ 4 سے 6 ارب ڈالر کے درمیان لگایا گیا۔ تباہی کے خطرے کی ماڈلنگ اور حل کرنے والی عالمی کمپنی موڈیز آر ایم ایس کے مطابق یہ اندازہ مادی اثاثوں کو پہنچنے والے نقصان سے براہ راست اور بالواسطہ نقصانات کی عکاسی کرتا ہے۔

اس میں ریاست ہوائی کے جی ڈی پی پر آگ کے اثرات، تباہی کے ردعمل پر حکومتی اخراجات، یا آگ کی سماجی لاگت کو مدنظر نہیں رکھا گیا بلکہ تخمینہ میں املاک ، تجارت، صنعت ، گاڑیو ں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا احاطہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق زیادہ تر نقصانات تاریخی قصبے لہینہ میں ہوئے ہیں جہاں آگ سے 2100 ایکڑ متاثر ہوا ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحالی کا عمل طویل مدت پر محیط ہو گا اور اس کے دوران اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تعمیر نو پر لاگت بھی بڑھ جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق انشورنس سے تقریباً 75فیصد یا اس سے زیادہ نقصان کو پورا ہونے کی توقع ہے ۔ واضح رہے کہ اس آگ سے اموات 115 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ 1100 افراد لاپتہ ہیں