ریاضی میں مہارت ،وفاقی تعلیمی بورڈ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ‏کے اشتراک سے پاکستان ریاضی اولمپیاڈ کا انعقاد کرے گا

145

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ نے پاکستان ریاضی اولمپیاڈ (پی ایم او ) کے آغاز کے لئے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ‏(لمز) کے ساتھ اشتراک کا معاہدہ کیا ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ اور لمز کے اشتراک سے پاکستان میں پہلی مرتبہ ریاضی اولمپیاڈ کا انعقاد ہو گاجو ایک اہم سنگ میل ہے۔ اشتراک کے اس معاہدہ کے تحت لمز نے ریاضی اولمپیاڈ کیلئے خصوصی طور پر ایک جامع نصاب تیار کیا ہے۔ مقابلوں کی تیاری اور تفہیم میں مدد کے لئے ایک ماڈل سوالیہ پرچہ بھی تیار کیا گیا ہے جو طلبہ کو مقابلہ کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد دے گا۔

پاکستان ریاضی اولمپیاڈ میں سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی )یا او لیول اور ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی ) یا اے لیول کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے تمام تعلیمی سلسلے سے مساوی قابلیت رکھنے والے تمام طلباء حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ پاکستان ریاضی اولمپیاڈ سے متنوع تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کو قومی پلیٹ فارم پر اپنی ریاضی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔پاکستان ریاضی اولمپیاڈ میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا جن میں نقد انعامات، میڈلز، لیپ ٹاپ اور پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے وظائف شامل ہیں۔

ان ترغیبات کا مقصد طلباء کو ریاضی میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔پاکستان ریاضی اولمپیاڈ کے لئے رجسٹریشن ستمبر 2024 کے وسط میں شروع ہو جائے گی ۔رجسٹریشن وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ پر آن لائن کی جا سکے گی۔ رجسٹریشن کے عمل اور مقابلے کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ایف بی آئی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ www.fbise.edu.pk‏ ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔