ریاض فوڈ فیسٹول 2025 میں پاکستان کے پکوانوں اور ٹرک آرٹ کی نمائش

101

ریاض ۔10فروری (اے پی پی):ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے سعودی وزارت ثقافت کے کُلنری کمیشن کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے ریاض فوڈ فیسٹول 2025 میں شرکت کی۔اس تقریب میں دنیا بھر سے متنوع پکوان کی روایات اور ثقافتی تجربات کومتعارف کرایا گیا، پاکستان نے اپنے بھرپور ذائقوں اور متحرک فنکارانہ ورثے کے ذریعے شائقین کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا۔پیر کو سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ریاض فوڈ میلے میں پاکستان کے تین مشہور پاکستانی ریستوران ذوق نہاری، لاہور ولیج اور تکہ مصالحہ پیش کئےگئے

جن سے روایتی پکوانوں اور لذیذ پاکستانی سٹریٹ فوڈز سے حاضرین کو لطف اندوز ہوئے۔ میلے میں پاکستان کے پویلین میں دو مخصوص کیاسک بھی شامل تھے جن میں ایک مہران فوڈز اور دوسرا ٹرائبل ٹرک آرٹ کا کیاسک تھا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نے ریاض فوڈ فیسٹول 2025 کے منتظمین کو عالمی پکوان اور فنی روایات کو منانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر سراہا اور کہا کہ پاکستان کا بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثہ اس میلے میں پوری طرح سے نمائش کے لئے پیش کیا گیا تھا۔

اس میلے نے پاکستان کے لئے سعودی عرب کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا اور اپنی متحرک فوڈ انڈسٹری اور فنی ورثے کو بہت سے لوگوں تک تک پہنچایا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا سفارت خانہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور مستقبل میں ایسے تعاون کا منتظر ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی شاندار روایات کو متعارف کرائے۔نمائش میں ٹرک آرٹ پر مبنی آرائشی ٹکڑوں، گھریلو اشیاء اور تحائف شامل تھے۔ ہنر مند پاکستانی ٹرک آرٹسٹوں کی طرف سے لائیو پینٹنگ کے مظاہرے نے بھی شرکا کو مزید مسحور کیا ۔