سیالکوٹ۔9جولائی (اے پی پی):ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے ڈسٹرکٹ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ریجنل ایمرجنسی آفیسر کو مختلف ریسکیو ریلیف کیمپس کا دورہ کروایا۔اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ نے تیاریوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسزر و آفیشلز الرٹ رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوڈ ریڈ لگایا جائے گا تا کہ لوگوں کو بروقت ریسکیو کر کے ریلیف کیمپس تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں رہیں تا کہ کسی بھی ایسی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسکیو کا کام شروع کیا جا سکے۔ شہری آبادی والے علاقہ میں بھی ریسکیو ٹیمیں بارشوں کے دوران لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ترجمان ریسکیوکے مطابق حالیہ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال اور فلڈ الرٹ کے پیش نظر ریسکیو 1122 ہائی الرٹ ہے۔ اس سلسلے میں تمام سیکٹرز جن میں چپراڑ، ہیڈمرالہ، سیدپور بجوات، تحصیل سمبڑیال میں شہبازپور پل ا ورر رندھیر باگھڑیاں، تحصیل پسرور میں نالہ ڈیک سمیت تمام سیکٹرز میں سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے والے آلات و کشتیاں بھیج دی گئی ہیں، ریسکیو ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں جن میں سٹاف کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ہمہ وقت موجود ہو گا۔