اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک بھر سے 2024 کے دوران 64 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی تصدیق کر دی ہے۔جمعرات کو این آئی ایچ سے جاری بیان کے مطابق لیبارٹری نے جیکب آباد سے چوتھے جبکہ پورے ملک سے 64 ویں کیس کی تصدیق کی ہے۔
پورےملک میں ڈبلیو پی وی 1 کے 64 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 26 کا تعلق بلوچستان، 18 کا خیبر پختونخوا، 18 کا سندھ اور ایک کا پنجاب اور ایک کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔پولیو ایک مفلوج کر دینے والی بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔
اس خوفناک بیماری کے خلاف بچوں کو اعلی قوت مدافعت فراہم کرنے کے لئے اورل پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول کی تکمیل ضروری ہے۔پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلاتا ہے، بچوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین پہنچاتا ہے جبکہ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے فراہم کرتا ہے۔
والدین کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں۔اس وقت ملک کے 143 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے بڑے پیمانے پر پولیو کے قطرے پلانے کی مہم جاری ہے۔ بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکسینیٹرز کا خیرمقدم کریں اور اپنے بچوں کو ویکسی نیشن کے لیے آگے لائیں۔