پشاور۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ عرفان اللہ خان نے آئی جی خیبر پختونخواہ پولیس اختر حیات خان کے احکامات کے مطابق دہشت گردی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کے بچوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کے حکمنامے جاری کر دئیے۔ریجنل پولیس آفیس سیدو شریف سے 13 جوانوں کو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے آرڈرز جاری کیے۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ عرفان اللہ خان نے پولیس شہداء کے13بچوں کو بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کے حکم نامے جاری کیے۔
قائم قام ڈی پی او سوات بادشاہ حضرت نے شہدائے پولیس کے بچوں کو بھرتی کے حکمنامے حوالہ کرنے کےموقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کی قربانیاں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے نئے بھرتی ہوئے والے اے ایس آئیز کو عوام کے جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنانے اور محکمہ پولیس کے عزت و وقار کو مزید بلند کرنے کے لئے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس شہداء نے اپنا خون بہا کر محکمہ کے وقار اور عزت میں اضافہ کیا ہے ۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونےوالے افسران پولیس کی نیک نامی اور عزت میں مزید اضافہ کا باعث بنیں گے جس پر نئے بھرتی ہونے والے جوانوں نے اپنے اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کر نے کے عزم کا اظہار کیا۔