لاڑکانہ۔12فروری (اے پی پی):ریجنل ڈائریکٹر صوبائی (محتسب) سندھ لاڑکانہ علی اکبر جاگیرانی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں انتظامی بددیانتی کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیےتقریب میں اساتذہ اور طالبات سے خطاب کیا۔اس موقع پر ریجنل محتسب علی اکبر جاگیرانی نے کہا کہ ہم نے تعلیم یافتہ لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کا انتخاب کیا ہے کہ کس طرح صوبائی اداروں میں بدانتظامی کو بے نقاب کیا جائے اور کم وقت میں عام لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نےکہاکہ ہم نے اس ادارے کی طرف سے گیارہ سو سے زائد لوگوں کو انصاف فراہم کیا ہے لہٰذا پڑھے لکھے لوگ آگے آئیں اور انتظامی بددیانتی کے خلاف شناختی کارڈ کے ساتھ ایک سادہ کاغذ پر درخواست دے کر بغیر کسی فیس یا وکیل کے کم وقت میں انصاف حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے لوگوں کو چاہیے کہ وہ عام لوگوں اور اپنے محلے والوں کو اس قسم کی آگاہی فراہم کریں تاکہ یہ لوگ بھی فائدہ حاصل کر سکیں۔تقریب میں پرنسپل صدوران سولنگی نے ریجنل ڈائریکٹر محتسب علی اکبر جاگیرانی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
پروگرام میں کالج کے اساتذہ، طلباء اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔