راولپنڈی۔ 29 مئی (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جاری ریجنل ڈرامہ فیسٹیول 2025 کے پانچویں دن معروف فنکاروں کی شاندار اسٹیج پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا اور علاقائی تھیٹر کی خوبصورت جھلک پیش کی۔یہ فیسٹیول وزیرِ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب محترمہ عُظمیٰ بخاری کی خصوصی ہدایات پر منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پنجاب میں فیملی تھیٹر کی بحالی ہے۔
پانچویں دن پیش کیا جانے والا اسٹیج ڈرامہ ”نمائش” اپنی جذباتی گہرائی اور سماجی پیغام کے باعث ناظرین کے دلوں کو چھو گیا۔ یہ ڈرامہ معروف ٹی وی، تھیٹر اور ریڈیو کے اداکار و مصنف طاہر صدیقی کے قلم سے تخلیق کیا گیا۔ ڈرامے میں معروف ٹی وی، ریڈیواور تھیٹر کے فنکاروں انجم حبیبی، ثمیرہ ملک، مظہر ملک، ڈاکٹر وقار عظیم، ڈاکٹر شاہین کاظمی، اقصیٰ ریاض قریشی اور تنویر قاضی نے مرکزی کرداروں میں اپنی بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے اور لوگوں کی خوب داد سمیٹی۔ ”نمائش” کی کہانی ایک فنکار کی زندگی میں پیش آنے والے اتار چڑھاؤ، جذبات اور معاشرتی پہلوؤں پر مبنی تھی۔ فنکاروں کی متاثرکن پرفارمنس نے فیملی انٹرٹینمنٹ کے معیار کو نئی بلندیوں پر پہنچایا اور ناظرین نے فیملی تھیٹر کی واپسی کو خوش آئند قدم قرار دیا۔
فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد مقامی فنکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا اور فیملی تفریح کو فروغ دینا ہے۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی یہ کاوش پنجاب کی ثقافتی ترقی کی جانب ایک اہم سنگل میل ہے۔فیسٹیول کی تقریبات جاری ہیں اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کریں تاکہ تھیٹر کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔اس دلکش ڈرامے کو دیکھنے کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول سول افسران، میڈیا نمائندگان، سینئر ٹی وی و ریڈیو فنکار، اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پنجاب حکومت اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کی اس کاوش کو سراہا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602795