سیالکوٹ۔28اپریل (اے پی پی):ریسکیورز کی فائر آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے سیکٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر گوجرانوالہ ڈویژن کی ریسکیو ٹیموں کے مابین فائر ریسکیو چیلنج کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ کی زیر قیادت مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلہ میں ڈویژن کے چھ اضلاع سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، منڈی بہالدین، حافظہ آباد کی ٹیمیں حصہ لیں گئیں۔
اس سلسلے میں مقابلہ جات کا آغاز ریسکیو ٹیم سیالکوٹ اور نارووال کے درمیان فائر ریسکیو چیلنج کے مقابلہ کا انعقاد سیالکوٹ میں کیا گیا،ریسکیو سیالکوٹ کی ٹیم کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی جبکہ نارووال ٹیم کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد نعیم نے کی جبکہ مقابلہ جات میں بلڈنگ میں آگ لگنے کی صورت میں بروقت کاروائی کر کے بلڈنگ کی بلند عمارت، چھت یا دھوئیں میں پھنسے لوگوں کو بچانا، آگ پر قابو پانا اور زخمیوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنے کی مشق کا عملی نمونہ کر کے دکھایا گیا۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد کے ہمراہ ٹیم میں اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد رضا اور عمران منور سلیمی، فیصل جاوید بھی شامل تھے۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے دونوں ٹیموں کی پرفارمنس کو پرکھا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے کہا کہ ڈویژن کے چھ اضلاع کی ٹیموں کے مابین یہ مقابلہ جات ہو ں گے اور جیتنے والی بہترین ٹیم ایمرجنسی سروس اکیڈمی میں فائر فائٹر کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والے مقابلہ میں حصہ لے گی۔