ریسکیو شہداکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،بانی ریسکیو سروس ڈاکٹر رضوان نصیر

131
ریسکیو شہداکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،بانی ریسکیو سروس ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):بانی ایمرجنسی سروسزپاکستان ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو شہدا ڈے کے موقع پرشہید ریسکیو رز کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہریوں کی قیمتی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ 20دسمبر شہدا ریسکیو کے دن کے طور پراس لیے منایا جاتا ہے کہ آج کے دن 20دسمبر2008کو پاکستان کی تاریخ میں آگ کابہت بڑا سانحہ رونما ہوا جس میں 13فائر فائٹرز نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

ان فائر فائٹرز میں 4کا تعلق ریسکیو سروس راوالپنڈی، 6کا تعلق پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ، 2کا تعلق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایک کا تعلق سٹی ڈسٹرکٹ فائر بریگیڈ راوالپنڈی سے تھا۔

ڈاکٹر رضوان نے فائر فائٹر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ریسکیورز اور فائر فائٹرز کو قدر کی نگاہ سے اس لیے دیکھا جاتا ہے کہ یہ آگ، حادثے و سانحے کے بے یار و مددگار متاثرین کو بچانے کے لیے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور عوام الناس کی خدمت کرتے ہیں۔

سیکریٹری ایمرجنسی سروسز نے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کے افسران اور ریسکیو رز کے ساتھ مل کرایمرجنسی ہیڈکوارٹرز میں یاد گار شہدا پر خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اوریادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔علاوہ ازیں،انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کے ساتھ آن لائن ویڈیو میٹنگ میں بھی شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔