پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی جانب سے تحصیل پبی اکبرپورہ سٹیشن نوشہرہ کا افتتاح رکن قومی اسمبلی ذولفقار خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم پی اے اشفاق احمد، آر ڈی او سینٹرل ڈاکٹر میر عالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین سمیت ریجنل ڈائریکٹر آپریشن سینٹرل ڈاکٹر میر عالم خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین ،ایمرجنسی آفیسر عامر بشر اور ایم ایس آر ایچ سی اکبر پورہ شاہد اقبال نے شرکت کی ،
لوکل کمیونٹی کے گراں قدر مشران سمیت ریسکیو 1122 کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ریسکیو 1122 اکبر پورا سٹیشن افتتاح کے موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے لگائے گئے تمام سٹالز (فائر، میڈیکل ، ڈیزاسٹر) پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین نے تفصیلی بریفنگ دی اور ریسکیو 1122 اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بین الاقوامی معیار کے آلات کے استعمال کے حوالے سے معلومات فراہم کی ۔
اس موقع پر ایم این اے ذولفقار احمد اور ایم پی اے اشفاق احمد نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے عزم کے مطابق ریسکیو1122 صوبے میں ہونے والی قدرتی اور ناگہانی آفات کے دوران بروقت اور بہترین سہولیات فراہم کررہاہے۔ ریسکیو1122 کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے وسیع تر مفاد کیلئے صوبائی حکومت اس کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلا رہی ہے
۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد ایاز خان کا شکریہ ادا کیا اور ضلع میں ریسکیو 1122 کے کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین اور ریسکیو 1122 کے جوانوں کے خدمات کو سراہا۔