سیالکوٹ ۔ 03 اپریل (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیالکوٹ انجینئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122نے 530مختلف ایمرجنسیز پر بروقت کاروائی کر کے 508 قیمتی جانوں کو بچایا۔ ترجمان ریسکیو 1122سیالکوٹ کے مطابق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت کے مطابق ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ کی زیر قیادت ریسکیو 1122ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی عید تعطیلات کے دوران ہائی الرٹ رہا۔ر یسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو عید تعطیلات کے دوران 3403کالز موصول ہوئیں جن میں سے 530ایمرجنسی کالز تھیں جن پر ریسکیو نے ریسپانس کیا۔
ایمرجنسی کالز میں 244سڑک کے حادثات،14کرائم کے واقعات، 12آگ لگنے کے واقعات، 197میڈیکل ایمرجینسیز،1ڈوبنے کا واقع، 1عمارت گرنے کا واقع اور61ریسکیو آپریشن ، جن میں جانور وں کو ریسکیو کرنا شامل ہیں۔ ریسکیو 1122نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے244زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد مہیا کی جبکہ 264متاثرین کو ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔مختلف ایمرجنسیز میں 14 افراد موقع پر یا ہسپتال منتقلی کے دورا ن وفات پا گئے جبکہ 1شخص مچھلیوں کے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوا اور سڑک کے حادثات میں 06افراد جاں بحق ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرانجینئر نوید اقبال نے مزید بتایا کہ عید تعطیلات کے دوران ریسکیورز نہروں، مختلف تفریحی مقامات پر اور ہیڈ مرالہ میں بھی ڈیو ٹی سر انجام دیتے رہے ہیں تا کہ حادثات کی صورت میں بروقت کارروائی کر کے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122نے چاند رات، نماز عید کے اجتماعات میں بھی ڈیوٹی سر انجام دی تا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا سکے۔ عید تعطیلات کے دوران ریسکیو محافظین بھی ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی سر براہی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578139