ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی گلیات/ٹھنڈیانی سفر کرنے والے سیاحوں کےلئے حفاظتی تدابیر جاری

181
rescue 1122

ایبٹ آباد۔ 26 جنوری (اے پی پی):ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے گلیات/ٹھنڈیانی سفر کرنے والے سیاحوں کےلئے حفاظتی تدابیر جاری کر دیں۔ ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سیزن شروع ہو چکا ہے اسی لئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خٹک کی جانب سے چند ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آپ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔

پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران آپ کی گاڑی مکینیکلی (ٹائر، انجن اور لائٹس وغیرہ) فٹ ہوں، موسم کی صورت حال دیکھتے ہوئے اپنے سفر کو جاری رکھیں، زیادہ موسم کی خرابی کی صورت میں سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈنگ ایریاز میں دوران سفر احتیاط کریں، سلائیڈنگ ایریاز میں گاڑی ہرگز کھڑی نہ کریں،

دوران بارش/ برف باری تیز رفتاری سے گریز کریں اور حد رفتار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ سیاح موسم کی شدت دیکھتے ہوئے اضافی کھانے پینے کی اشیاءاور گرم کپڑے ہمراہ رکھیں، پہاڑی علاقوں میں اوور ٹیکنگ اور جا بجا گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں، گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کے دوران شیشوں کو تھوڑا نیچے رکھیں تاکہ تازہ ہوا آتی رہے اور سانس لینے میں کوئی دشواری نہ ہو۔

مختلف پوائنٹس پر ریسکیو 1122 کے اہلکار آپ کی مدد کےلئے کھڑے ہیں، آپ ان سے تعاون کریں، کسی بھی مدد و رہنمائی کےلئے ریسکیو 1122 کی فری ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔