پشاور۔ 20 ستمبر (اے پی پی):ریسکیو 1122 دیر لوئر ٹریننگ و نگ ٹیم نے طلباء اور اساتذہ کیلئے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی کی سربراہی میں منعقدہ تربیتی سیشن میں ریسکیو 1122 ٹریننگ ونگ ٹیم نے شرکاء کو خون کا بہائو کنٹرول کرنے، سی پی آر، فریکچر مینجمنٹ، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی حالات میں مریضوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے مختلف طریقے عملی مشقوں کے ساتھ سکھائے۔
تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب سے ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ملک شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ معاشرے اور حادثات پر فوری قابو پانے کیلئے ہر فرد کا تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے ، اس سلسلے میں ریسکیو 1122 اپنا کردار بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔
اس موقع پر ناظم رحمان ، ملک نیک دار، سابقہ ناظم بخت ملک اور سکول پرنسپل نے یوتھ آفیسر ملک شہزاد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی کا شکریہ ادا کیا اور ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ تقریب کے آخر میں تربیت پانے والوں میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تقسیم کئے گئے۔