سرگودھا ۔5ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ایمرجنسی ہیلپ لائن سرگودھا شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی کے لیے جنگی بنیادوں پر کوشاں ہے۔ ریسکیو 1122 سرگودھانے اپنی آٹھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر مظہر شاہ نے بتایا کہ ریسکیو 1122 سرگودھا کومورخہ یکم جنوری سے 31اگست 2023ء تک کل 176014 فون کالز موصول ہوئیں جن میں 37836 غلط ایمرجنسی کالز تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے 37836 ایمرجنسی کالز کا جواب دیاجن میں 3908 روڈ ٹریفک حادثات (آر ٹی اے) سے نمٹاگیا۔ ریسکیو 1122 نے 25148 میڈیکل ایمرجنسیز سے نمٹا۔
اسی طرح جرائم سے متعلق 393 کالز کا جواب دیا، 802 ڈوبنے کے کیسز، 25 عمارتیں گرنے کے واقعات جبکہ 11959 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ڈاکٹر مظہر شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سرگودھا لوگوں کو بہترین امداد فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔