پشاور۔ 01 مارچ (اے پی پی):ریسکیو 1122 ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ریسکیو 1122 سوات نے گزشتہ مہینے مجموعی طور پر 732 مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز میں خدمات سر انجام دیں ،جن میں سب سے زیادہ خدمات طبی شعبے میں دی گئیں جنکی تعداد 586 ہے۔
اس کے علاوہ 73 ٹریفک حادثات، 32 آتشزدگیاں، سات گولی لگنے اور تشدد کے واقعات،ایک پانی میں ڈوبنے، ایک چھت گرنے اور تین دیگر متفرق واقعات میں خدمات سرانجام دی گئیں۔ ریسکیو 1122 سوات نے مجموعی طور پر 732 افراد کو بچایا جن میں 635 افرادکو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا اور 97 افراد کو موقع پر ہی طبی سہولیات فراہم کر دیں جبکہ 05 افراد موقع پر ہی حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کی روزمرہ ایمرجنسیز کے علاوہ محکمہ صحت کے ایمبولینس سروس میں فروری کے مہینے میں 288 تک مریضوں اور زخمیوں کو ضلع کے مختلف ہسپتالوں سے دوسرے ہسپتال منتقل کیا، جن میں 275 مریضوں کو ضلع کے اندر جبکہ 13 مریضوں کو ضلع سے باہر کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیے گئے۔
حسب معمول ریسکیو 1122 سوات کا کنٹرول روم فروری کے مہینے میں بھی شب و روز مصروف رہا اور ضلع بھر سے 26898 کالز موصول ہوئیں جن میں بدقسمتی سے 14730 غلط یا فیک کالزشامل تھیں۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد کی ہدایت پر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر سوات ملک شیر دل خان کی سربراہی میں ریسکیو 1122 سوات 24 گھنٹے عوام کی ہر طرح ممکنہ خدمات کے لئے تیار ہے۔