مانسہرہ۔ 30 مارچ (اے پی پی):ریسکیو 1122 مانسہرہ نے عید الفطر کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان ریسکیو1122 مانسہرہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی کی ہدایات پر تمام ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملے کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ایمرجنسی پلان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں عید کے دوران مختلف عیدگاہوں اور مساجد میں تعینات رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا بروقت اور موثر طریقے سے سدباب کیا جا سکے۔ آن کال افسران کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام ایمرجنسی گاڑیوں، آلات اور طبی سہولیات کی مکمل تیاری کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔
دریائے کنہار اور دریائے سرن میں نہانے یا تفریح کے دوران ممکنہ حادثات سے نمٹنے کے لیے ماہر غوطہ خور اور میڈیکل ٹیموں کو مختلف حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ ریسکیو 1122 مانسہرہ عوام سے گزارش کرتا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو کی ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577371