ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی ہیٹ ویو سے بچاو کےلئے ایڈوائزری جاری

148
Rescue 1122 Abbottabad
Rescue 1122 Abbottabad

مظفرگڑھ۔ 25 مئی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے ہیٹ ویو سے بچاو کےلئے عوام کےلئےایڈوائزی جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری میں انہوں نے کہا کہ شہری خود کو ڈھانپے بغیر شدید دھوپ میں نکلنے سے گریز کری، غیر ضروری شدید دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور اگر نکلنا ضروری ہو تو سر، ناک اور منہ ڈھانپ کر نکلیں، ڈھیلے اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، ایسی مشقت سے گریز کریں جو جسم کا درجہ حرارت بڑھائے، مناسب خوراک کھائیں جس میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ ہو،

گوشت اور انڈوں کا استعمال کم کریں، پانی زیادہ سے زیادہ پئیں، بچوں کو پارک کی ہوئی گاڑی میں ہرگز مت بیٹھنے دیں، ہاتھ اور منہ دھوتے وقت ٹھنڈے پانی کا استعمال کریں تاکہ رگوں میں خون کا بہاؤ بہتر ہو، دھوپ میں نکلتے وقت لوشن کی بجائے ایلو ویرا کا استعمال کریں یہ وہ احتیاطی تدابیر ہیں جنہیں اپنا کر ہیٹ سٹروک سے بچائو ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق آنے والے چند دن میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ جانے کی اطلاعات ہیں جو بد احتیاطی کے باعث انسانی صحت کے لئےنقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی ہمارے جسم کے اس آٹومیٹک سسٹم پر اثر انداز ہو کر اسے کام کرنے سے روک دیتی ہے جو گرمی کی صورت میں ہمارے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے پسینہ لانے کا سبب بنتا ہے اور اسی خرابی کو ہیٹ سٹروک کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے جنگلات میں اِضافہ ہی واحد حل ہے، ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ماحول دوست رویہ اپناتے ہوئے ہم زیادہ سے زیادہ ایسے درختوں کی شجر کاری کریں جو ہمارے ماحول سے مطابقت رکھنے کے ساتھ ساتھ گھنے اور سایہ دار ہوں تاکہ گردو نواح کے درجہ حرارت میں کمی لائی جا سکے۔