پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):ریسکیو 1122 مہمند نے جون 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ کنٹرول روم انچارج کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کو پیش کی گئی۔ ریسکیو ترجمان عبداللہ کے مطابق ریسکیو 1122 مہمند ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کی قیادت میں جون کے مہینے میں 399 مختلف نوعیت کے حادثات پر بروقت ریسپانس دیتے ہوئے عوام کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری سہولیات فراہم کیں۔ اس دوران ریسکیو کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 5659 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 2901 غیر ضروری اور فیک، جبکہ 2441 معلوماتی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسی واقعات میں 257 میڈیکل کیسز، 32 روڈ ٹریفک حادثات، 2 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 8 آگ لگنے کے واقعات، 5 فائرنگ یا گولی لگنے کے کیسز، 1 بلاسٹ کا واقعہ، ایک عمارت کے منہدم ہونے کا واقعہ اور 11 مختلف نوعیت کی ریکوری ایمرجنسیز شامل تھیں جن میں مجموعی طور پر 321 مریضوں کو بحفاظت ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی دوران دو مریض منتقلی کے دوران فوت ہو گئے۔ اس کے علاوہ 82 ریفرل ایمرجنسیز پر بھی ریسکیو 1122 نے بروقت ریسپانس دیا جن میں 21 ایمرجنسیز ضلع کے اندر اور 61 ضلع سے باہر تھیں۔ریسکیو 1122 مہمند نے ایک جامع حکمت عملی کے تحت عوامی آگاہی اور ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کرتے ہوئے ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ضلع مہمند کے عوام کو ہر ممکن ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایمرجنسی کے دوران ریسکیو 1122 سے تعاون کریں اور فیک و غیر ضروری کالز سے گریز کریں۔ ریسکیو 1122 مہمند کی ٹیم ضلع بھر میں ہمہ وقت متحرک ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر بین الاقوامی معیار کی ہنگامی سہولیات مہیا کر رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کی زیر نگرانی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر اور واٹر ریسکیو ٹیمیں دریا کابل اور دریا سوات کے کنارے مختلف مقامات پر مکمل تیاری کے ساتھ تعینات کر دی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا، خصوصاً سوات سے آنے والے پانی کے ریلے کے پیش نظر، دریا کابل اور دریا سوات میں پانی کی سطح میں تیزی سے اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے سیلاب کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسی اثنا میں، صوبے بھر کی طرح ضلع مہمند میں بھی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر اور واٹر ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار عوام کی خدمت کے لیے 24/7 پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہتے ہیں۔ عوام الناس کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ایمرجنسی کی صورت میں 1122 ڈائل کریں۔