ریسکیو 1122 نیلم کے عملے کو جدید فائر فائٹنگ تکنیک اور بروقت ردعمل کی تربیت فراہم

95
Rescue 1122
Rescue 1122

مظفرآباد۔17جنوری (اے پی پی):سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس کی خصوصی ہدایت پر ضلع نیلم میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے مؤثر تدارک کے لیے ریسکیو 1122 نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122 نیلم کے عملے کو جدید فائر فائٹنگ تکنیک اور بروقت ردعمل کی تربیت فراہم کی گئی۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد ضلع نیلم میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پانے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔

تربیت کے دوران ریسکیو 1122 کے عملے کو آگ بجھانے کے جدید آلات کے استعمال، ایمرجنسی مینجمنٹ کے موثر طریقوں اور محفوظ انخلا کے اصولوں پر عملی مہارت فراہم کی گئی۔ اس تربیت کا مقصد آگ لگنے کے واقعات کے دوران انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنا اور قیمتی املاک کو بچانے میں معاونت کرنا تھا۔

تربیت کے دوران عملے کو جدید ترین فائر فائٹنگ تکنیکوں اور آلات کا استعمال سکھایا گیا تاکہ وہ آتشزدگی کے دوران فوراً کارروائی کر سکیں۔ اس میں فائر سیفٹی کے جدید طریقے، آگ بجھانے کے جدید سازوسامان کا استعمال اور ایمرجنسی صورتحال میں بہترین ردعمل کے طریقے شامل ہیں۔یہ تربیت نہ صرف ریسکیو 1122 کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی بلکہ ضلع نیلم میں ایمرجنسی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔