راولپنڈی۔15فروری (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 کے شعبہ اینیمل ریسکیو آپریشنز نے راولپنڈی کے علاقہ میں پتنگ کی ڈور میں پھنسی ہوئی چیل کو بروقت ہنگامی مدد فراہم کر کے کامیابی سے بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق رینج روڈ ،قاسم مارکیٹ صدر راولپنڈی کے علاقہ میں واقع مقامی سوسائٹی کی ایک رہائشی خاتون مسز طارق سعید خان نے اپنی رہائش گاہ کے عقب میں بلند و بالا درخت پر پتنگ کی ڈور میں الجھی ہوئی چیل کو پھڑپھڑاتے ہوئے دیکھ کر فوری طور پر اس کی اطلاع 1122 اینیمل ریسکیو ، راولپنڈی کو دی جس پر ریسکیو کی ٹیم چند منٹ کے اندر وہاں پہنچ گئی ۔
ریسکیو عملے نے خصوصی ریسکیو گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے چیل کو ڈور کے شکنجے سے آزاد کر دیا اور بے زبان پرندہ خوشی سے نہال محو پرواز ہو کر نیلگوں آسمان کی وسعتوں میں کھو گیا ۔ریسکیو 1122 کی فوری کامیاب کارروائی اور پرندے کی جان بچانے پر مقامی رہائشیوں نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور اس کے ساتھ ساتھ اس امر پر بھی زور دیا کہ لوگوں کو پتنگ بازی سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس کی ڈور نہ صر ف انسانی جانوں بلکہ چرند پرند اور جانوروں کے لئے بھی مہلک ثابت ہوتی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران، عوام کو بروقت ہنگامی دیکھ بھال فراہم کرنے کی اپنی خدمات کے ساتھ ساتھ پنجاب ایمرجنسی سروس نے جانوروں کو بچانے اور کسی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے بھی اپنی مہارت میں اضافہ کیا ہے۔ سروس نے پنجاب بھر میں مختلف ریسکیو ٹولز، ریپیلنگ تکنیک، سیڑھی اور فضائی پلیٹ فارم اور خصوصی ریسکیو گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے ہزاروں جانوروں اور پرندوں کو بچایا ہے ، ان واقعات میں آوارہ کتوں اور سانپوں کو پکڑنا، انسانی رہائش گاہوں میں داخل ہونے والے جنگلی جانوروں کو بچانا اور بڑے جانوروں جیسے گائے، بھینس اور گھوڑوں کو گہرے کنوں سے بچانا شامل ہے۔
سروس نے پائپس یا تنگ جگہوں میں پھنسے ہوئے بلی کے بچوں یا چھوٹے جانوروں اور اونچے درختوں اور ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائنوں پر پتنگ کی ڈور میں پھنسے ہوئے متعدد پرندوں کو بھی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کامیابی سے ریسکیو کیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جانوروں سے بچا کی کارروائیوں کے دوران معیاری پروٹوکول اور متعلقہ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور بچا کرنے والوں اور جانوروں دونوں کی حفاظت پر زور دیا جاتا ہے جس میں بنیادی توجہ مشکل صورتحال سے دوچار جانور یا پرندے کو بچانا، بیماری کی منتقلی کے کسی بھی خطرے کو کم کرنااور جانوروں کی حفاظت کو یقینی بنانا شامل ہے۔