فیصل آباد۔ 11 مئی (اے پی پی):ریسکیو 1122 کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین فیصل آباد میں یوم تشکر منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر ضلع فیصل آباد میں پاکستان کی حالیہ عظیم الشان فتح اور دشمن ملک بھارت کی شکست پر عوامی سطح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو 1122 فیصل آباد نے یوم تشکر منایا اور اس سلسلے میں فلیگ مارچ کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ فلیگ مارچ کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کی، جبکہ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے آفیسرز اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
فلیگ مارچ کا آغاز ریسکیو سینٹرل اسٹیشن سے ہوا، حلال احمر چوک، چناب چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، جی۔ ٹی۔ ایس چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطن سے محبت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ قوم کے سر آج ان جوانوں کی جرآت و بہادری کے باعث فخر سے بلند ہیں ۔شرکاء قومی پرچم لہراتے ہوئے “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ریسکیو 1122 فیصل آباد کے جوانوں کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف ایمرجنسیز میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ ہر موقع پر قومی جذبے کے ساتھ صفِ اول میں موجود ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595826