راولپنڈی ۔ 22 جنوری (اے پی پی):ریسکیو 1122 کی جانب سے شہریوں کے لئے گیس لیکج کے باعث حادثات سے بچائو کے لئے آگاہی پیغام جاری کر دیا گیا ہے۔ حفاظتی آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں گیس کے متعلقہ آلات کا استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، عوام اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لئے گیس سے متعلقہ آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں، رات کو سونے سے پہلے گیس سے متعلقہ آلات(ہیٹر، چولہے وغیرہ) لازمی بند کریں۔
گھر میں گیس لیکج محسوس ہونے پر بجلی کا بٹن اور آگ ہرگز نہ جلائیں۔گیس لیکج کی صورت میں بجلی کا بٹن یا آگ جلانے سے دھماکہ ہو سکتا ہے۔ گھر میں گیس لیکج محسوس ہونے پر تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور تمام افراد گھر سے باہر چلے جائیں۔ میڈیا کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ضلع راولپنڈی محمد عثمان گجر نے کہا کہ اگر ایسا کوئی حادثہ پیش آئے تو فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں، بروقت اطلاع دینے سے ہی بروقت ریسپانس ممکن ہے۔