ریسکیو 1122 کی عام انتخابات میں کارکردگی شاندار رہی، ڈاکٹر رضوان نصیر

280
Rescue 1122 Abbottabad
Rescue 1122 Abbottabad

لاہور۔8فروری (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے عام انتخابات2024 میں ایمرجنسی کور فراہم کرنے پر پنجاب کے تمام اضلاع کے 15ہزار ریسکیورز اور 21ہزار 415 ریسکیو سکاؤٹس (ریسکیو رضا کار) کی خدمات کو سراہا۔ پولنگ کے اختتام پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 2597 اہم مقامات پر ریسکیورز اور ایمرجنسی گاڑیوں کی اسٹریٹجک مقامات پہ تعیناتی کی گئی۔

ووٹنگ کے پورے عمل کے دوران 824 ایمبولینسز، 362 فائر اینڈ ریسکیو وہیکل اور 2200 ریسکیو موٹر بائیکس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کیلئے ڈیوٹی انجام دی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ساتھ موثر کوارڈینیشن اور مانیٹرنگ کے لیے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں 24/7 کام کرنے والے ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور صوبائی مانیٹرنگ سیل میں متعین آفیسر و عملہ کے کام کی بھی تعریف کی۔

جنرل الیکشن کے دوران بروقت ریسپانس اور فوری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی وہیکلز کو اہم مقامات پہ متعین کیا گیا اور وائرلیس کمیونیکیشن سے ایمرجنسی ریسپانس کو یقینی بنایا گیا۔ پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران کے ساتھ زوم میٹنگ کے دوران ضلعی آفیسر نے بتایا کہ ہر ضلع میں عام انتخابات 2024 کے ایمرجنسی پلان پہ عمل درآمد کیا گیا تاکہ حساس علاقوں اور پولنگ اسٹیشن پہ ایمرجنسی کور فراہم کیا جا سکے ،جیسا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے منعقدہ اجلاسوں میں نشاندہی کی گئی تھی۔

ضلعی افیسران نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں ہنگامی ایمرجنسی پلان پر موثر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ہسپتالوں کے ساتھ کوآرڈینیشن برقرار رکھا تاکہ عوام الناس اور ووٹر کو فوری ایمرجنسی سروسز مل سکے۔