مظفرگڑھ۔ 04 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ انجنیئر علی حسنین نے گزشتہ ماہ (اکتوبر 2024) میں پیش آنیوالے حادثات کے بارے تفصیلی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کو 6452 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔
ریسکیو 1122 مظفرگڑھ نے اپنا اوسط رسپانس ٹائیم 07 منٹ کو برقرار رکھتے ہوئے 6452 ایمرجنسز پر رسپانس کیا جن میں سے 946 روڈ ٹریفک حادثات، 4889 میڈیکل ایمرجنسیز، 25 فائر ایمرجنسز، 86 کرائم، 01 ڈوبنے کی, 01 عمارت کے گرنےکی جبکہ اور 504 دیگر ایمرجنسیز شامل ہیں،ریسکیو 1122 نے ان تمام ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 6239 افراد کو ریسکیو کیاجن میں 2915 افراد کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور 3268 افراد کو فرسٹ ایڈ دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 56 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس وقت نہ صرف موسم سرما کا آغاز ہو چکا بلکہ اس وقت سموگ اور دھند نے پورے ملک میں ڈیرے جمائے ہوئے ہیں اس بات کے پیش نظر ہم اپنی عوام سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ درج ذیل حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔ سیٹ بیلٹ اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں،گاڑی کی رفتار میں اضافہ محتاط انداز میں کریں، دوران ڈرائیونگ غیر ضروری اور جلد بازی کی اوور ٹیکنگ سے اجتناب کریں، دوران دھند غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔
سامنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔گھروں میں گیس ہیٹرز کا استعمال محتاط انداز میں کیا جائے اور سونے سے پہلے گیس ہیٹرز کو سوئچ آف کرنے کے بعد کمرے سے باہر نکال کر سوئیں،مچھروں کو بھگانے والی جلیبیاں یا میٹ لگاتے وقت اس بات کی تسلی کر لیں کہ اسکے یا اسکی راکھ کے نیچے گرنے کا اندیشہ نہ ہو،
انسٹنٹ گیزرز کو گھر میں لگواتے وقت اسکی فٹنگ واش روم یا پھر گھر کے کسی اندرونی حصہ میں ہرگز مت کروائیں بلکہ باہر کھلی فضاء میں کروائیں کیونکہ اس سے خارج ہونیوالی کاربن مونو آکسائیڈ فوری طور پر ذہن کو مائوف کرتے ہوئے اچانک موت کا سبب بنتی ہے جسکی گھر کے باقی مکینوں کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی۔
انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوے کہا کہ ریسکیو 1122 جان بچانے والا ادارہ ہے جو بلا تفریق و بلا تاخیر لوگوں کو ایمرجنسی سہولت میسر کرتا ہے لہزا زمہ دار شہری کا ثبوت دیتے ہوئے ریسکیو ایمبولینسز کو فوری راستہ دیں تاکہ بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ کر ضرورت مند لوگوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔