خانیوال ۔ 21 مئی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹرخالد محمود کی زیر نگرانی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے دریائے راوی بمقام ہیڈسدھنائی پر فرضی مشقیں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمی سلمان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد محمودکے ہمراہ فرضی مشقوں کا معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرخالد محمودکی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامات بارے مکمل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو خالد عباس سیال، اسسٹنٹ کمشنرکبیروالا رانا لیاقت، اسسٹنٹ کمشنرمیاں چنوں ساجدہ رزاق بھی موجود تھے۔
مشقوں میں ریسکیو 1122کے علاوہ سول ڈیفنس،محکمہ انہار، محکمہ صحت، لایؤاسٹاک، بلدیہ نے حصہ لیا۔ریسکیو 1122کے جوانوں کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے ہنگامی انخلاء کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ ڈوبتے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور بروقت ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ تمام محکموں کی جانب سے مختلف قسم کے کیمپ لگائے گے تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کی بہتر طور پر رہنمائی کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمی سلمان نے ریسکیو 1122سمیت تما م اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ریسکیو 1122 ہمارا فخر ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرخالد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان فرضی مشقوں کا مقصد کشتیوں،لائف جیکٹس اور سیلاب میں استعمال ہونے والی مشینری کا جائزہ لینا تھا۔
ریسکیو سیٖفٹی آفیسر محمد امتیازنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 کمیونٹی سیفٹی ونگ کی جانب یونین کونسل کی سطح پر لوگوں کو مکمل تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ کسی قسم کی ایمرجنسی صورتحال میں ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر عوام کو بروقت اور بہتر انداز میں ریلیف فراہم کر سکیں۔ اس موقع کنٹرول روم انچارج چوہدری شہزاد احمد ، اسٹیشن کوآرڈینٹرز سمیع اللہ،محمد سلیم،محمد بابر،عبدالمنان اور میڈیا کوآرڈینیٹر راشد چوہدری بھی موجود تھے۔