ایبٹ آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):آن کال آفیسر محمد سعید نے رات گئے سٹیشن 22 کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ایبٹ آباد عارف خٹک کی ہدایت پر ان کال آفیسر نے ایمبولینس اور فائر وہیکل کا معائنہ کیا اور تمام ریسکیورز کی حاضری اور ڈسپلن چیک کیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہر قسم کی ایمرجنسی کے لیے 7/24 ہائی الرٹ ہیں ۔
قبل ازیں اقبال خان ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں جاری ہاکی ٹورنامنٹ کے موقع پر میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ میچ کے دوران زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جس پر انتظامیہ نے ریسکیو 1122 کے اس اقدام کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک نے شاہینہ جمیل میڈیکل کالج ہسپتال کے سی ای او کی درخواست پر کالج کے طلبہ کو فائر فائٹنگ، فرضی مشقوں اور فائر فائٹنگ کے آلات کی جانچ پڑتال کے حوالہ سے کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایمرجنسی آفیسر فہد علی اور ٹریننگ ونگ انچارج ملک کامران بھی موجود تھے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک نے ہسپتال اور کالج کا مکمل دورہ کیا، شاہینہ جمیل میڈیکل کالج ہسپتال سی ای او ہسپتال اور دیگر انتظامیہ نے ہسپتال اور کالج میں کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیےکئے جانے والے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک نے بتایا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کر کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔