ملتان۔ 12 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 ملتان محرم الحرام کے دوران عزاداروں و دیگر شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرے گا،محرم الحرام کے حوالے سے ریسکیو1122 کی تیاریاں مکمل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں چوک کمہاراں والا میں قائم ریسکیو 1122 کے مرکزی دفتر میں انجمن تحفظ عزاداری کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
دوران ملاقات محرم الحرام 1447ھ کی مجالس عزاء اور جلوسوں کے دوران ہنگامی خدمات کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر حسین میاں نے وفد کو بتایا کہ ریسکیو 1122 نے ملتان شہر سمیت شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں،ان انتظامات کا دائرہ کار تمام چھوٹی بڑی امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں تک وسیع کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یکم تا 10 محرم الحرام تمام ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،محرم الحرام کے دوران 600 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیورز ہمہ وقت الرٹ رہیں گے،35 ایمبولینسز، 17 فائر وہیکلز، 88 موٹر سائیکل ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو گاڑیاں جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام مرکزی امام بارگاہوں اور اہم مقامات پر موبائل ایمرجنسی پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی، جہاں ابتدائی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،تمام گاڑیاں فرسٹ ایڈ کٹس سے لیس ہوں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد ممکن ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی وہ خود کریں گے جبکہ ان کے ہمراہ ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز و ایڈمن) انجینئر محمد بلال، کنٹرول روم انچارج محمد مدثر ضیاء، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ارشد خان،اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور شفٹ انچارجز بھی موجود ہوں گے۔موسم کی ممکنہ شدت کے پیش نظر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ امامیہ سکاؤٹس کے رضاکاروں کو خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ بروقت امداد فراہم کرنے میں معاون ہو سکیں۔
اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ والنٹیئر سکاؤٹس بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہوں گے۔ڈاکٹر حسین میاں نے ضعیف العمر اور بیمار عزاداروں کےلئے مشورہ دیا کہ اگر وہ کسی جسمانی تکلیف یا طبی مسئلے کا سامنا کریں تو فوری طور پر قریبی ریسکیو ایمرجنسی کیمپ سے رجوع کریں۔اس دوران ڈاکٹر حسین میاں نے تمام عزاداروں اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر فرد کو بروقت اور محفوظ طبی امداد فراہم کی جا سکے۔