لاہور۔1مارچ (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ فروری 2025کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے ماہ فروری کے دوران پنجاب بھر میں 180,807 ایمرجنسیز پربروقت رسپانس کرتے ہو ئے183,455ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران37,390روڈ ٹریفک حادثات،448 کرنٹ لگنے کی ایمرجنسیز، 41عمارات گرنے کے واقعات اور30 ڈوبنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسز کے اعداد و شمارکا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران فروری کے مہینے میں روزانہ کی ایمرجنسیز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے فروری 2021 کے مقابلے میں فروری 2025 میں 35.58 فیصد کے ریکارڈ اضافے پر تشویش کا اظہار کیاجن کی تعداد فروری 2021 میں 27,578 سے بڑھ کر فروری 2025 میں 37,390 ہوگئی۔وہ گزشتہ روز ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ زوم میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں ریجنل ایمرجنسی آفیسرز، پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران،مانیٹرنگ آفیسر اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے اہم حادثات اور ایمرجنسیز،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز، قابل ذکر اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس نے ماہ فروری میں پنجاب بھر میں بروقت رسپانس کرتے ہوئے 180,807ایمرجنسیزپر183,455متاثرین کوریسکیو سروسزفراہم کیں۔
انہوں نے بتایا کہ180,807 ایمرجنسیزمیں 121,895میڈیکل ایمرجنسیز،37,390 روڈ ٹریفک حادثات، 4,948گرنے اور سلپ ہونے کے واقعات، 4,614 گائنی کی ایمرجنسیز، 3,113 جرائم کی ایمرجنسی کال، 2,135 آتشزدگی کے واقعات، 1,679 کام کی جگہوں پر چوٹ لگنے کے واقعات،608جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 448 کرنٹ لگنے کے واقعات، 41 عمارتیں گرنے، 30 ڈوبنے کے واقعات اور3,906 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 37,390 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 375 افراد جاں بحق ہوئے۔
ان ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات 6,839 لاہور میں ہوئے جن میں 34افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں 2,445،ملتان میں 2,169، گوجرانوالہ میں 2,073،شیخوپورہ میں 1,350،راولپنڈی میں 1,205 جبکہ باقی پنجاب کے دوسرے اضلاع میں 21,309 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 355،فیصل آباد میں 188،راولپنڈی میں 157،ملتان میں 89،گوجرانوالہ میں 79اوراٹک میں 69 رپورٹ ہوئے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے حادثات کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران37,390روڈ ٹریفک حادثات میں 375 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے موٹر بائیک رائڈرزسے درخواست کی کہ وہ محفوظ ڈرائیو کریں اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر نہ چلائیں، کیونکہ رفتار میں ہر 1 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافے سے جان لیوا ایکسیڈنٹ میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے مزید زور دیا کہ حفاظت کو فروغ دینے اور ہنگامی صورتحال سے بچا ئوکے لیے رویوں میں تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو زندگیاں بچانے اور تحفظ کو فروغ دینے کے لیے پنجاب ایمرجنسی سروس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔