لیڈز۔24جون (اے پی پی):بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت نے انگلینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری جڑ دی۔ ہیڈنگلے لیڈزکے مقام پر کھیلے جارہے پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بھارتی مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت نے پہلی کی طرح دوسری اننگز میں بھی اپنی عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو جاری رکھا۔
27 سالہ ریشبھ پنت نے برطانوی بائولر ز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے لوکیش راہول کے ساتھ ملکر نہ صرف چوتھی وکٹ پر 195رنز کی شراکت داری قائم کی بلکہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن بہتر بنادی ۔
ریشبھ پنت نے 140گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3خوبصورت چھکوں اور 15چوکوں کی مدد سے انفرادی 118رنز بنائے۔ یہ ریشبھ پنت کے ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری ہے۔ ریشبھ پنت کو 118کے انفرادی سکور پر شعیب بشیر نے زیک کرولی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔