ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں پر بھی مسافر بچوں کی انسدادپولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے،مریم نواز

147
وزیراعلی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، تحصیل تونسہ میں ایڈزکے سدباب کے لئے آپریشنل پلان طلب کرلیا

لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے صوبہ میں جاری ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو ٹیموں کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کو پولیوورکرز کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے جہاد میں شریک ورکرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مریم نوازنے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین کیا اور مزید محنت کی تلقین کی۔انہوں نے عوام سے پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے اینٹی پولیو ویکسینیشن بہت ضروری ہے۔ پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام انٹری پوائنٹس پر موثر ویکسینیشن کمپین یقینی بنانا ضروری ہے۔

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں پر بھی مسافر بچوں کی انسدادپولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔ صوبے کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو ویکسینیشن مہم کی بھر پو رمانیٹرنگ کی جائے۔ تمام اضلاع میں جاری ویکسنیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چینج ٹرانسپورٹیشن یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائر س کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کیلئے بھرپور اور موثر پلاننگ ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں ہسپتالوں اور نمایاں مقامات پر انسدادپولیو ویکسینیشن کیلئے خصوصی کیمپ لگائے گئے ہیں۔