لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن نے ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کمرشل و رہائشی زمین واگزار کروا لی ۔ ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کی اینٹی انکروچمنٹ آپریشن ٹیم نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل اور ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران مشال کی ہدایت پر ہربنس ہورہ میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ اینٹی انکراچمنٹ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران قابضین سے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 18 مرلہ کمرشل جبکہ 20 مرلہ رہائشی گھروں پر مشتمل زمین واگزار کروالی گئی۔
ریلوے کی زمین پر ناحائز قابضین نے دکانیں اورگھر بنا رکھے تھے جن کو مسمار کردیا گیا۔ اس کے علاوہ فریش قابضین سمیت دیگر ریلوے زمین بھی کلیئر کروالی گئی۔ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر چوہدری تنویر کی زیر نگرانی ہوا جبکہ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن میں ایس ایچ او ریلوے پولیس اشرف وٹو، انسپکٹر آف ورکس عابد علی کے علاوہ ریلوے پولیس کی بھاری نفری سمیت ریلوے اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن ٹیم کو معمولی مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا۔
قبضہ مافیا کیخلاف کامیاب اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے حوالے سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور کا کہنا تھا نگراں وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ کے احکامات کی روشنی میں ریلوے کی زمین پر غیر قانونی قابضین کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھیں گے اور غیرقانونی قابضین سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔