اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے مختلف پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس ضمن میں ریلوے ٹریکس کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ٹریکس کو دو رویہ بھی کیا جا رہا ہے جس سے ٹرینوں کی نقل وحمل میں بہتری آئے گی اور حادثات میں کمی آئے گی ۔
ذرائع کے مطابق ٹریکس پر نئے سلیپرز بچھائے جا رہے ہیں جبکہ ملک بھر میں ٹریکس کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر مرحلہ وار کام کیا جا رہا ہے ۔ ریلوے کراسنگ لیولز کی بھی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے جبکہ سگنل نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ پلوں کی مرمت و بحالی کا کام کیا جا رہا ہے اور ٹریکس کی مرمت بھی کی جا رہی ہے ۔
ریلوے ریزرویشن آفسز کی بھی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ جدید ٹریکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے موبائل ایپ کے ذریعہ ٹرینوں کی آمدورفت کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ ریلوے سٹیشنوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور بعض مقامات پر سٹیشنز کی نئی عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ان تمام منصوبوں کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔